ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لالو یادو سے ای ڈی کی 9 گھنٹے سے زیادہ دیر تک پوچھ تاچھ

لالو یادو سے ای ڈی کی 9 گھنٹے سے زیادہ دیر تک پوچھ تاچھ

Tue, 30 Jan 2024 13:58:22    S.O. News Service

پٹنہ، 30/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) ریلوے کےسابق وزیر لالو پرساد یادو سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نوکری کے بدلے زمین کے مبینہ گھوٹالہ معاملے میں پیر کو ۹؍گھنٹے سے زیادہ دیر تک پوچھ تاچھ کی۔لالو سے یہ پوچھ تاچھ یہاںای ڈی کے دفتر میں ہوئی۔ اس دوران ای ڈی نے لالو یادو سے کئی سوالوں کے جواب مانگے گئے۔ان سوالوں میں سے ایک یہ بھی تھا کہ نوکری کیلئے زمین لینے کا خیال کیوں آیا؟

لالو یادوسے پوچھ تاچھ کرنے کیلئے دہلی سے بھی ای ڈی کی ٹیم پہنچی ہے۔ اس کو پٹنہ کی ای ڈی ٹیم تعاون کررہی ہے۔ان سے ۵۰؍سے زیادہ سوالات پوچھے گئے ہیں۔ درمیان میں دوا اور کھانا کھانے کی مہلت بھی دی گئی۔ نوکری کے بدلے زمین معاملے میں ای ڈی کے سمن پر لالو پرساد یادو پیر کو ۱۱؍بجے یہاں جانچ ایجنسی کے دفتر پہنچے۔لالو کے ساتھ ان کی بڑی بیٹی میسا بھارتی موجود تھیں۔ انہوں نے اپنے والد کو ای ڈی کے دفتر میںچھوڑنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی کوئی مرکزی تفتیشی ایجنسی ہمارے خاندان کے کسی فرد کو پوچھ تاچھ کیلئے بلاتی ہے، ہم وہاں جاتے ہیں اور ان کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ان کے تمام سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔

 یاد رہے کہ لالو یادو جب ای ڈی کے دفتر کیلئے نکلے تو وہاں آرجے ڈی لیڈروں اور کارکنوں کی بھیڑ بھی اکٹھا ہوگئی ۔ اس کی وجہ سے انہیں ای ڈی کے دفتر تک پہنچنے میں تھوڑی دیر ہوگئی۔ ای ڈی دفتر کے  باہر موجود بڑی تعدا د میں آرجے ڈی کےلیڈران اور کارکنان نےلالو یادو زندہ باد کے ساتھ ہی  بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف جم کر نعرے لگائے۔ ادھر لالو یادو کی بیٹی میسا بھارتی نے بھی ای ڈی کی کارروائی کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کر تے ہوئے کہا کہ میرے والد کو پریشان کیا جارہا ہے۔ ان کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ہمیں ساتھ رہنا تھا لیکن گیٹ کے اندر نہیں جانے دیا گیا  جو نہایت افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخابات کا وقت قریب آتا ہے میرے والد کو سمن کی شکل میں گریٹنگ کارڈ تھمادیاجاتا ہے۔

بعد میں کافی احتجاج کے بعد میسا بھارتی کو ای ڈی آفس کے احاطے کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے وہاں جاکرلالو یادو کو دوائیں کھلائیں اور پانی دیا اور  پھرای ڈی کے دفتر سے باہر آگئیں۔ آر جے ڈی کارکنان نے انہیں دفتر کے احاطے کے اندر جانے کی اجازت نہ دینے پر سخت اعتراض کیا تھا۔

خیال رہے کہ ای ڈی  زمین کے بدلے ملازمت دینے کے الزام  سے متعلق معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ الزام کے مطابق لالو یادو جب ۲۰۰۴ء سے۲۰۰۹ء تک مرکز میں کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد کے دور حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے، انہوں نے امیدواروں کو گروپ ڈی گیٹیگری میں دی گئی ملازمتوں کے بدلے اپنے خاندان کے افراد کے نام زمین کا پلاٹ منتقل کروایاتھا، حالانکہ لالو خاندان نے ہمیشہ سے اس کی تردید کی ہے۔

لالو  سے  پوچھے گئے سوالات اور ان پر عائد الزامات:
کتنے لوگوں سے زمین لے کر کن کن عہدوں پر کہاں کہاں ملازمت دی گئی ہے؟
ان زمینوں کو پہلے بے نامی کمپنیوں کے نام پر لی گئی تھی جن  کے ڈائریکٹر رابڑی دیوی ، ان کی بیٹیاں  اور بیٹے سمیت کچھ اور قریبی تھے، اس کی سچائی کیا ہے؟
کچھ دنوں قبل گرفتار ہونے والا چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ امیت کایتال سے کیا تعلق ہے؟
نوکری کے بدلے امیدواروںسے زمین لینے کا خیال کیوں آیا ؟
خیال رہے کہ ای ڈی نے حال ہی میں ان کے خلاف دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں ۴۷۵۱؍ صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی ہے۔


Share: